بنگلورو17؍جون(ایس او نیوز) مرکزی وزیر قانون ڈی وی سدانند گوڈا نے آج منتخب نمائندوں کو آواز دی ہے کہ وہ سرکاری اسکولوں کو گود لے کر انہیں بنیادی انفرااسٹرکچر فراہم کرنے کیلئے اقدامات کریں ۔ انفوسس فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ٹی داسر ہلی میں سرکاری اسکول کو گود لینے کیلئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ منتخب نمائندوں کو چاہئے کہ وہ رضاکارانہ طور پر سرکاری اسکولوں کو گود لیں۔ بنیادی انفرااسٹرکچر جیسے کمروں کی تعمیر اور لیباریری کے قیام کی کوشش کریں۔ انہوں نے بتایاکہ بنگلور نارتھ تعلقہ میں تقریباً 22 کارپوریٹرس موجود ہیں۔ یہ سب لوگ اسکولوں کو گود لے سکتے ہیں۔ اراکین اسمبلی کے فنڈسے بھی سرکاری اسکولوں کیلئے درکار سہولیات فراہم کی جاسکتی ہیں۔ وزیر موصوف نے بتایاکہ مرکزی حکومت نے اپنی حالیہ پالیسی میں بتایاہے کہ کارپوریٹ اداروں کو اپنے منافع میں سے پانچ فیصد سوشیل سیکٹر کیلئے مختص کیاجائے، جس سے کئی لوگوں کو فائدہ ہونے کی توقع ہے۔ اراکین پارلیمان سے لے کر کارپوریٹرس کے علاوہ لیڈرس اور این جی اوز کے ذریعہ اسکولوں کو گود لینے کی کوشش کی جانی چاہئے، انفوسس ، ایمباسی ڈیولپرس ، جندال اور بی ایچ ای ایل سمیت کئی اداروں کے ذریعہ اسکولوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی کوشش جاری ہے۔ ایسا ہوتا رہا تو سرکاری اسکول بھی پرائیویٹ اسکولوں سے مسابقت کرسکتی ہیں۔سدانند گوڈا نے بتایاکہ مودی قیادت والی حکومت کے ذریعہ تعلیمی شعبے میں انقلاب لانے کیلئے دور اندیشی کے ساتھ منصوبوں کو جاری کیا جارہاہے۔ایم پی فنڈکے تحت دیہاتوں کو گود لینے اور بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انفوسس کی سدھا مورتی نے بتایاکہ پرائیویٹ اسکولوں کے شانہ بشانہ چلنے سے ہی سرکاری اسکولوں کا وجود برقرار رہ سکتا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ ریاست میں سرکاری اسکولوں کو گود لیتے ہوئے تقریباً چالیس لاکھ روپیوں کی امداد فراہم کی گئی ہے۔ فاؤنڈیشن کے ذریعہ تعلیمی شعبے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔